سری نگر‘ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کے دورہ پاکستان کے دوران کشمیر کے بارے میں بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مسلم ممالک کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے مل کر آواز بلند کریں گے۔ جبکہ بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر اور راجوری میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں کئی افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا گےا۔ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی یو ٹےم نے پولیس، سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نےزیر تسلط کشمیر کی خصوصی حےثےت کے قانون آرٹےکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کا اعلان کیا ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں درخواستوںکی جانچ کے بعد ان کی سماعت کی تاریخ طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات امن و خوشحالی کیلئے ضروری ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے بغیر بھارت میں کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ جنوبی ایشیا میں خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری ناگزیر ہے۔ نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری ہونی چاہئے۔
چھاپے/ فاروق عبداللہ
جنوبی ایشیا میں خوشحالی کیلئے ہمسایہ سے تعلقات میں بہتری ناگزیر‘ ایسا امن اور خوشحالی کیلئے بھی ضروری ہے
Dec 16, 2022