اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ناظم الامور سکیورٹی کی یقین دہانی ہونے تک افغانستان نہیں جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں پاکستانی سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ شہباز شریف آئندہ سال دوشنبے کا دورہ کریں گے۔ آئندہ برس جنوری میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس جنیوا میں ہو گی۔ اس کی صدارت وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کریں گے۔ جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ چمن واقعے پر پاک افغان حکام رابطے میں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں پاکستانی سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تاجکستان کے صدر نے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا۔ اس دورے میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی، ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ کاسا 1000 سنگ میل منصوبہ ہے۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل او آئی سی نے دورہ پاکستان میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ آئندہ برس جنوری میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس جنیوا میں ہو گی، جس کی صدرات وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کریں گے۔
دفترخارجہ
تاجک صدر کے دورہ میں معاہدے‘ یادداشتوں پر دستخط ہوئے‘ سیکرٹری جنرل او آئی سی صدر‘ وزیراعظم آزادکشمیر سے بھی ملے‘ ڈونرز کانفرنس اگلے ماہ جنیوا میں ہوگی
Dec 16, 2022