لاہور (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں ہے۔ ملکی وقتی مشکلات سے چند مہینوں میں باہر نکل آئیں گے اور چند برسوں میں ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی اہم کمپنیوں کے سربراہان کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما شہزاد سعید چیمہ‘ اسلم گل اور دیگر بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمارے پاس زراعت‘ انڈسٹری ہے۔ ڈپریشن کی باتیں اپنے ملک کیلئے ہم کیسے کر سکتے ہیں۔ ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر مثبت بات کرنی ہے۔ کسی کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ کہے کہ ہم ڈیفالٹ کر جائیں گے۔ ناامیدی ایک گناہ ہے۔ آج دنیا کی معیشت دباﺅ کا شکار ہے۔ اور پاکستان پر بھی اس کے اثرات ہیں۔ پاکستان بائیس کروڑ لوگوں کا ملک ہے جس میں ساٹھ فیصد جوان ہیں۔ ہم مشکلات پر قابو پانا جانتے ہیں۔
پرویز اشرف