لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی قومی رضاکار مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہے جس کے تحت دس لاکھ افراد کو قدرتی آفات یا خدانخواستہ نیشنل ایمرجنسی کے دوران امدادی سرگرمیوں کے لیے تربیت دی جائے گی۔ سیلاب، زلزلہ اور کرونا کے تجربات سے ثابت ہو گیا کہ حکومتوں میں کام کرنے کی اہلیت نہیں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے دیگر شعبوں کی طرح تباہی و بربادی کا شکار ہیں، متاثرین کی بحالی کے لیے سرکاری اور بیرونی امداد کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے، سیلاب زدگان کی صورت حال سب کے سامنے ہے۔ قومی رضاکار مہم میں یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ و طالبات کو خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔ قوم حکمرانوں سے مایوس ہو چکی ہے، پی ڈی ایم ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہیں، ان کے ہوتے ہوئے بہتری کی کوئی توقع نہیں۔ وڈیروں اور مافیاز کے کلبز پر مشتمل حکمران جماعتوں کو عوام کی فلاح و بہبود سے پہلے کوئی غرض تھی، اب ہے نہ آئندہ ہو گی۔ فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنے کا وقت آ گیا، قوم کے لیے فیصلہ کن لمحات ہیں، ملک کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر کے لیے جماعت اسلامی واحد آپشن ہے، آزمائے ہوئے لوگوں کو آئندہ بھی موقع ملا تو ملک آگے کی بجائے پیچھے ہی جائے گا۔ وہ تیمرگرہ دیرپائن میں اعتراف خدمت رضا کار کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن نے تقریب کا اہتمام کیا۔ امیر ضلع دیرپائن اعزاز الملک افکاری، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب، سابق ایم پی اے سعید گل اور صدر الخدمت کے پی خالد وقاص بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے نویں قسط کے لئے ترلے کئے جا رہے ہیں۔
سراج الحق
قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کیلئے 10 لاکھ افراد کو تربیت دیں گے: سراج الحق
Dec 16, 2022