اسلام آباد (خبرنگار) سینٹ اجلاس میں اپوزیشن اراکین کی شدید ہنگامہ آرائی، چیئرمین ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ حکومتی سائیڈ سے بھی جواباً گھڑی چور کے نعرے لگائے گئے۔ پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر ایک بار پھر شدید احتجاج کیا اور چیئرمین سینٹ کے ڈائس کے سامنے جا کر نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی ارکان نے پروڈکشن آرڈر جاری کرو اور اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔ جبکہ حکومتی بینچز سے گھڑی چور کی آوازیں لگائی گئیں۔ شور شرابے کے دوران ہی حکومت کی جانب سے قانون شہادت (ترمیمی) بل 2022 سینٹ میں پیش کر دیا گیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ جبکہ مالیاتی بل ٹیکس قوانین(دوسری ترمیم)بل2022کی نقل بھی ایوان میں پیش کر دی گئی۔ چیئرمین سینٹ نے اجلاس کی کارروائی (آج) صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردی۔ سینٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر چیئرمین سینٹ نے وقفہ سوالات شروع کیا تو اپوزیشن لیڈر سینیٹر شہزاد وسیم نے بات کرنے کی اجازت مانگی۔ تاہم چیئرمین سینٹ نے شہزاد وسیم کو بات کرنے کی اجازت نہ دی جس پر پی ٹی آئی ارکان نے کھڑے ہو کر احتجاج کرنا شروع کردیا۔ شہزاد وسیم نے کہاکہ آپ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کر رہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے چیئرمین سینٹ کے ڈائس کے سامنے جا کراحتجاج شروع کر دیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے پروڈکشن آرڈر جاری کرو اوراعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔ جبکہ حکومتی بینچز سے گھڑی چور کی آوازیں لگائی گئیں۔ پی ٹی آئی ارکان کے شور شرابے کے دوران ہی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے قانون شہادت (ترمیمی)بل 2022پیش کیا۔ پی ٹی آئی نے احتجاج جاری رکھا جس کے باعث چیئرمین سینٹ نے اجلاس کی کارروائی (آج) صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دی۔
سینٹ:پی ٹی آئی کا پھر احتجاج،حکومتی بنچوں سے گھڑی چور کے جوابی نعرے
Dec 16, 2022