کراچی (نیوز رپورٹر) یونائیٹڈ میرین ایجنسی کی جانب سے پاکستان کی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی
نامور اداکارہ نیلوفرعباسی کی اعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یونائیٹڈ میرین ایجنسی کے سی ای او سہیل شمس اور تقریب میں موجود شرکا اورمہمانان گرامی نے کھڑے ہوکر تالیاں بجا کر لیجنڈ اداکارہ کا استقبال کیا۔یونائیٹڈ میرین ایجنسی کے سی ای او سہیل شمس کا تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم اورڈرامہ انڈسٹری میں نام بنانا بہت مشکل کام ہے۔ نیلوفرعباسی ان میں سے ایک ہیں۔ جنہوں نے کامیابی حاصل کی۔ آپ کا ڈرامہ شہزوری کا اثر ہماری فلموں پر بہت ہوا۔ شہزوری گرل نیلوفرعباسی نے ہمارے عہد میں بری عورت کا خطاب قبول کیا اور اسے جرات مندانہ اندازمیں ادا کیا، جبکہ اس وقت یہ کام کرنا بہت مشکل کام تھا ۔ شہزوری کے حوالے سے نیلوفر پاکستانی ڈرامے کی تاریخ میں تاج پرلگا ہوا ہیرا ہیں۔ پی ٹی وی پر اب تک ان کا کوئی ثانی نہیں۔مہمان خصوصی نیلوفرعباسی کا کہنا تھا کہ میرے شوہر قمرعلی عباسی نے مجھے لکھنے کی ترغیب اور حوصلہ دیا۔ یہ محبتیں اور پیار ہی میرا سرمایہ ہیں، میرے لیئے اس سے زیادہ خوشی اور کامیابی کیا ہوسکتی ہے کہ مجھے اتنی والہانہ محبت کرنے والے ملے ہیں۔ طلعت حسین کا کہنا تھا کہ نیلوفرعباسی نے ہرکردار فطری اندارمیں کیا ،یہ پاکستان کی مقبول اورہردل عزیزشخصیت ہیں۔ ان کے شوہر قمرعلی عباسی، والد اور والدہ کے علاوہ ان کے ماموں انور احسن صدیقی ، ہماری تہذیب کا بڑا سرمایہ ہیں۔خوش بخت شجاعت کا کہنا تھا کہ آپ کی وجہ سے ہم سب تمام لوگ یہاں موجود ہیںشہزوری ڈرامہ تاریخ میں لکھا گیا ایک سنہری لفظ ہے۔ نیلوفرعباسی اور ہمارا ساتھ بہت پرانا ہے۔ نیلوفر عباسی نے جتنا وقت گزارا بہت بہترین وقت گزارا۔ اداکار کا وقت جب تک ہوتا ہے جب تک وہ اسکرین پر آتا ہے لیکن آپ کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں۔زیبا شہنازکا کہنا تھا کہ شمس عباسی صاحب آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے ایسی تقریب کا انعقاد کیا۔ میں اور ہم جسے بہت سے اداکار نیلوفر عباسی کی وجہ سے انڈسٹری میں آئے۔ نیلوفر عباسی نے جو کام کیا وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں موجود ہیں۔ آپ ہمارے ملک کا مان ہیں۔ تقریب میں راجو جمیل، منظور قریشی ، بہروز سبزواری،زیبا شہناز، ہما میر، جاوید جبار،اقبال لطیف، ندا یاسر، حمیرہ قصوری،یاسر نواز، وجاہت روف ، محمود شام سمیت پاکستان کے نامور اداکاروں نے شرکت کی۔
اداکارہ نیلوفرعباسی کی اعزازمیں یونائیٹڈ میرین ایجنسی کی تقریب
Dec 16, 2022