پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کا رکن بنایا جائے، وزیرِ خارجہ

Dec 16, 2022 | 12:45

ویب ڈیسک

نیویارک: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کا رکن بنایا جائے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جی 77 وزارتی کانفرنس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی اور اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں اور سلامتی کونسل میں دہشتگردی پر بحث کے دوران پاکستان کو بھی بولنے کا موقع ملنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایف اے ٹی ایف کے 2 ایکشن پلان مکمل کیے ہیں اور پاکستان واحد ملک ہے جس نے بیک وقت فیٹف کے 2 ایکشن پلانز مکمل کیے۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کا رکن بنایا جائے۔ پاکستان درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے پاکستان کی جانب سے ٹھوس اقدامات کیے گئے اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے فیٹف نے ہمارے اقدامات کی توثیق کی۔ ہمیں دہشتگردی کے خلاف اپنی کامیابی پر فخر ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ میری والدہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم کو دہشتگروں نے شہید کیا اور بے نظیر بھٹو نے دہشتگروں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باوجود جمہوری جدوجہد جاری رکھی۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا کسی مذہب یا خطے سے کوئی تعلق نہیں۔

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کا جی 77 وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو آج کل بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور موسمیاتی تبدیلیاں دنیا پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث ترقی پذیر ممالک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک کے لیے درآمدت کے مسائل ہیں اور لاس اینڈ ڈیمج فنڈ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے اہم ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو خوارک کی قلت کا سامنا ہے جبکہ بہت سے ممالک قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔وزیرِ خارجہ نے سیلاب کے حوالے سے کہا تھا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

مزیدخبریں