لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اختلافات کے خاتمے کیلئے افہام و تفہیم سے کام لیا جائے۔معاشرے اورگھروں میں سکون کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ اسلام نے انسان کی پیدائش سے لے کر وفات تمام اموربارے رہنمائی فرمائی ہے۔ اسلام نے والدین، زوجین،بہن بھائی اوراولاد سمیت سب کے حقوق وفرائض تعین فرمایا ہے۔ خاندان مرد اور عورت کے نکاح کے ذریعے وجود میں آتا ہے، جسے کے فریقین کو شوہراور بیوی کا نام دیا گیاہے۔ خوشگوار ازدواجی زندگی کیلئے میاں اور بیوی دونوں کو ہی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ نے عورت کو بلند مقام و مرتبہ عطا فرمایااور شوہر کو حکم دیا کہ وہ اس کیساتھ انصاف سے کام لے۔ اس کا احترام و اکرام کرے اور اچھے سلوک سے پیش آئے۔