تل ابیب+ غزہ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے مزید 21 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری نسل کشی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18ہزار 900 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 55 ہزار سے بھی بڑھ گئی۔ 1500 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔ شہداء میں فلسطین کے 55 فٹ بالروں سمیت 85 ایتھیلیٹس بھی شامل ہیں۔ حماس کے جوابی حملوں سے کئی اسرائیلی ٹینک اور فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیلی فوج کی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک سکول پر بمباری میں 10 جبکہ مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائی میں 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اقوام متحدہ کے ایک سکول کو نشانہ بنایا جس میں وہاں پناہ لیے ہوئے 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسی طرح اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ جنین میں چھاپہ مار کارروائی کی آڑ میں 11 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ متعدد کو حراست میں لے لیا۔ القاسم بریگیڈ کے ترجمان نے کہا 72 گھنٹے میں 36 اسرائیلی فوجی ہلاک، 72 فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں۔ ترک صدر اردگان نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری پائیدار جنگ بندی کی تاریخی ذمے داری امریکہ پر ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدارتی دفتر نے بتایا کہ صدر اردگان نے امریکی صدر بائیڈن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے غزہ میں طول پکڑتے حملے عالمی سطح پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ صدر اردگان نے جوبائیڈن سے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی غیر مشروط حمایت بند کردے تو غزہ میں فوری جنگ بندی ہوسکتی ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے ایک یہودی گروپ نے امریکہ کے آٹھ شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور واشنگٹن اور فلاڈیلفیا میں مصروف سڑکوں اور پلوں پر رش کے اوقات میں ٹریفک روک دی۔ واشنگٹن میں جیوش وائس فار پیس نامی گروپ نے کہا کہ تقریباً 90مظاہرین نے امریکی دارالحکومت کے شمال مغربی حصے میں نیویارک ایونیو جانے والا اوور پاس بند کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مظاہرے نے نیویارک ایونیو اور نارتھ کیپیٹل سٹریٹ کا چوراہا بند کردیا اور لوگوں سے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل کی۔ جیوش وائس فار پیس نے ایکس پر لکھا ہم یہاں ہیں، ملک بھر میں بڑے پیمانے پر بڑھتی ہوئی تعداد میں جمع ہو رہے ہیں یہ کہنے کے لیے کہ اب مزید (جنگ) نہیں۔ بوسٹن، اٹلانٹا، شکاگو، منیاپولس، سیئٹل اور پورٹ لینڈ، اوریگون میں بھی مظاہرے ہوئے۔ فلاڈیلفیا میں تقریباً 200مظاہرین نے مختصر طور پر ون-76ہائی وے بلاک کر دی اور 30سے زیادہ گرفتاریاں کی گئیں، مظاہرین نے علامات اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا "غزہ کو زندہ رہنے دو" اور "ہمارے نام پر نہیں۔