اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔ سینئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت سے جاری ایک صفحہ پر مشتمل سماعت کے تحریری حکمنامہ میں کہا کہ بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنی منظور کیا جاتا ہے، حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بشری بی بی بطور ضمانت پچاس ہزار روپے مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں، جیل سپرنٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ کیس کی آئندہ سماعت18 دسمبر کو ہوگی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں زیر سماعت سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرکیس میں دوگواہان کے بیانات اور ان پر جرح مکمل کرلی گئی۔گذشتہ روز اڈیالہ جیل میں ان کیمرہ سماعت کے دوران عدالت نے استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات قلمبند کئے‘ عدالت نے مزید سماعت پیر18 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی 18 دسمبر کو طلب‘ سائفر مقدمہ‘ دو گواہوں پر جرح مکمل
Dec 16, 2023