لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پی ٹی آئی وکیل شیر افضل مروت کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر چیمبر میں سماعت کرتے ہوئے ڈی سی لاہور و دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔ سردار لطیف کھوسہ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ شیر افضل مروت لاہور ہائیکورٹ بار میں خطاب کر کے واپس روانہ ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جسٹس شہرام سرور چودھری نے مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق رہنما تحریک انصاف کنول شوذب کی درخواست پر دفتری اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق سابق پی ٹی آئی ایم این اے شوکت علی بھٹی کی درخواست پر حکومت پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ وکیل عابد ساقی نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار حافظ آباد سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر ہے، پولیس کوئی مقدمہ درج نہ ہونے کے باوجود گھر پر چھاپے مار رہی ہے۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے گوجرانوالہ میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس میں محمد خان بھٹی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ محمد خان بھٹی کو نوٹس موصول نہ ہونے کی بناء پر سماعت ملتوی کی گئی۔