اسلام آباد+ رائیونڈ (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) آرمی پبلک سکول کے شہداء کی 9 ویں برسی آج ہفتہ کو منائی جائے گی۔ 16 دسمبر 2014 ء کو پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشتگردوں کی جانب سے خون کی ہولی کھیلی گئی جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بزدلانہ وار کرتے ہوئے طلبہ سمیت 140 سے زائد افراد کو بے دردی سے شہید کر دیا تھا۔ سانحہ اے پی ایس کے سلسلہ میں ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے معصوم شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہے ان معصوم شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ سانحہ اے پی ایس کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو کبھی بھی بھول نہیں سکتے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا عبرتناک انجام ہی شہیدوں کے خون سے انصاف ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو قومی تاریخ کا ایک بھیانک دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہولناک خونریزی کی یاد ہر پاکستانی کے ذہن میں آج بھی تازہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں سانحہ کارساز کے معصوم شہداء اور ان کے اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے ایک بار پھر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو شہداء کو بھولیں گے اور نہ ہی اس سانحہ کو۔ دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما میر پرویز مینگل سے انکے بھائی میر ابراہیم مینگل کے انتقال پر افسوس و ہمدردی کا اظہار کیا، تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔