پرتھ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پہلی اننگ میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیسٹ کے تیسرے روز خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا، جب کہ بابر اعظم کو 21 رنز پر مچیل مارش نے پویلین لوٹایا۔ امام الحق کو 62 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا سرفراز احمد 3 رنز پر مچل سٹارک کا شکار ہوئے۔ سعود شکیل 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف 9 رنز پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم کی آخری وکٹ 271 رنز پر گری، شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان ٹیم نے پہلی اننگ میں 101.5 اوورز بیٹنگ کی۔یادرہے کہ گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے کیا تھا۔ دونوں بیٹرز نے ٹیم کا اسکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق 42 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔پہلے روزمیچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی تھی، پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگز میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ لی۔