اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منانے کے لیے ہفتہ کے روز کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کی معاشی ترقی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اقلیتی برادریوں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے کاروباری مفادات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بین المذاہب ھم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے ۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پرامن اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی ضرورت پر زور دیا۔