پیرس‘ ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) فرانس کے جزیرہ میوئے میں سمندری طوفان چیڈو نے تباہی مچا دی۔ طوفان سے 14 افراد ہلاک، 246 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 9 کی حالت تشویشناک ہے۔ میوئے کے میئر نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کر دی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد جاننے میں کئی دن لگیں گے۔ فرانسیسی حکام نے طوفان چیڈو کو صدی کا بدترین طوفان قرار دیدیا۔ روس کے دو بحری آئل ٹینکر آبنائے کرچ میں سمندری طوفان کی زد میں آگئے۔ طوفان کی زد میں آنے کے بعد ایک آئل ٹینکر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا اور ٹوٹے ہوئے ٹینکر سے تیل کا رساؤ بھی شروع ہوگیا جبکہ ٹینکر کا ایک حصہ ڈوب چکا ہے۔ روسی حکام کے مطابق حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ٹینکر پر موجود باقی 12 افراد کو بچا لیا گیا۔ سمندری طوفان کی زد میں آنے والے دوسرے ٹینکر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور اس پر 14 افراد سوار ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں ٹینکروں میں 4 ہزار 200 ٹن تیل موجود تھا، ٹینکر حادثے میں حفاظتی اقدامات کی ممکنہ خلاف ورزی کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔