ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آئی سی سی ہیڈ کوارٹر دبئی میں ہوا ۔ اجلاس میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے کہا کہ بنگلا دیش ، بھارت اور سری لنکا نے اس میگا ایونٹ کےلیے بہت محنت کی ہے اور یہ سن کر خوشی ہوتی ہے کہ لوگوں کو اس ایونٹ کا بڑی بے تابی سے انتظار ہے۔ ورلڈکپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل ڈھاکہ میں ہوگی جس میں سچن ٹنڈولکر کو ٹورنامنٹ کا سفیرمقرر کیاگیا ہے۔ سپاٹ فکسنگ پر آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے سلمان بٹ ، محمد آصف اور محمد عامر کے فیصلے پر ٹریبونل کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بورڈ کرکٹ میں کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کرے گا ۔ بورڈ نے ایک پاکستانی چینل کی طرف سے سلمان بٹ کو سٹوڈیو پنڈت کے طور پر رکھنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ہارون لوگارٹ نے کہا کہ ہم اس تقرری سے خوش نہیں ہیں اور ہم نے اس حوالے سے ٹریبونل کے چیئرمیں مائیکل بیلوف کو لکھ دیا ہے۔ اس سے قبل دوہزار گیارہ کے لیے سٹریجک پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ اور چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دوہزار پندرہ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی اہلیت کے بارے میں غور کیا گیا ۔