لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر لاہور میں جاری اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے بلائے جانے والے 9 جونیئر کھلاڑیوں نے کیمپ میں رپورٹ کر کے سینئرز کے ساتھ پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب کوچ حنیف خان اور سینئر کھلاڑی وسیم احمد نے بھی کیمپ میں رپورٹ کر دی ہے۔ اس موقع پر کوچ حنیف خان کا کہنا تھا کہ سہیل عباس، سلمان اکبر اور ریحان بٹ کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے ہماری تمام توجہ نوجوان کھلاڑیوں پر ہے جو پاکستان ہاکی کا مستقبل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے رزلٹ کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ کھیل کے مواقع مہیا کریں۔ گذشتہ روز کیمپ میں رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں میں مظہر عباس، فہد آفریدی، سبطین رضا، عامر شہزاد، ایم سلیمان، محمد عمران جونیئر، مزمل اسحاق بھٹی، ارسلان قادر اور محمد عمیر شامل ہیں۔