لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) مذہبی و سیاسی رہنماﺅں نے بھارت کی جانب سے فرانس سے کئے گئے 126لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاہدہ پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت اسلحہ کے انبار لگا کر خطہ کا تھانیدار بننے کی کوششیں کر رہا ہے۔ امریکہ کی خطہ میں موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انڈیا اکھنڈ بھارت کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے ۔ بھارتی جنگی تیاریوں پر حکومت پاکستان کو خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ، پیر اعجازہاشمی، مولانا امیر حمزہ، امیر حافظ عبدالغفار روپڑی و رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا عبدالعزیز علوی، مولانا محمد شفیع جوش نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان کو یکطرفہ دوستی اور تجارت کے چکروں میں الجھا کرمقبوضہ کشمیر پر اپنا فوجی قبضہ مستحکم کر رہا ہے۔ دریں اثناءدفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) ضیاءالدین بٹ نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون پاکستان نہیں چین کے خلاف ہے۔ مغربی ممالک بھی بھارت کو چین کے خلاف تیار کر رہے ہیں۔ مغرب کو ویسے بھی اپنے ہتھیاروں کے خریداری کی ضورت ہوتی ہے۔ بھارت بھی اب مغربی ممالک کا محتاج ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان کو بھارتی جنگی تیاریوں سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، پاکستان کو چاہئے اپنی معیشت مضبوط کرے اور اپنی ایٹمی اور میزائل صلاحیت کی نہ صرف حفاظت کرے بلکہ بہتر بنائے۔ بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے۔