نیو یارک (نمائندہ خصوصی) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے فوجی انخلا کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے امریکہ 60 فیصد فوجی سازوسامان پاکستان کے راستے واپس لیجانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اخبار کے مطابق افغانستان سے 6 لاکھ سے زائد جنگی آلات کی منتقلی ایک بڑا کام ہے۔ ان آلات کی مالیت 28 ارب ڈالر ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اب تک بھاری گاڑیوں کو فضائی راستے سے منتقل کیا جاتا رہا ہے کیونکہ افغانستان سمندر سے منسلک نہیں جبکہ اس کی سڑکیں بھی پرانی ہیں۔
جبکہ بہت سے علاقوں میں طالبان اب بھی بہت طاقتور ہیں۔ اخبار کے مطابق افغانستان سے انخلا کا حقیقی مسئلہ اس ملک میں جنگ لڑنے کی طرح مشکل ہے۔ افغانستان سے انخلا کا سستا ترین راستہ ہمسایہ ملک پاکستان ہے جو بندرگاہ تک زمینی راستہ رکھتا ہے تاہم سرحد عبور کرنے کا راستہ قابل بھروسہ نہیں۔ امریکی جنرل مین کا کہنا ہے کہ افغانستان سے فوجی سازوسامان کی تیزی سے منتقلی کا راستہ پاکستان ہی ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ چند روز قبل فوجی سامان کے متعدد کنٹینرز افغانستان سے پاکستان پہنچے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر اوباما 2014ءکے اختتام افغانستان میں جنگ ختم کر کے فوجی انخلا کا اعلان کر چکے ہیں۔
نیویارک ٹائمز