ابوظہبی+کراچی (نوائے وقت نیوز+سٹاف رپورٹر) ابوظہبی گروپ پاکستان میں 45 ارب ڈالر کے مختلف تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جبکہ کراچی میں دنیا کی سب سے بلند عمارت تعمیر کی جائے گی جو دبئی کے برج الخلیفہ سے بھی بلند ہوگی۔ اس حوالے سے ابوظہبی میں ابوظہبی گروپ کے چیئرمین شیخ نہیان بن مبارک النہیان ظہبین کنسٹرکشن یونین نیشنل بنک اور یو بی ایل کے ساتھ بحریہ ٹاﺅن کے سابق چیئرمین اور موجودہ کنسلٹنٹ ملک ریاض حسین نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت ابوظہبی گروپ سندھ میں 35 ارب ڈالر جبکہ لاہور اور اسلام آباد میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ان منصوبوں میں سپورٹس سٹی، ایجوکیشن سٹی، میڈیکل سٹی، میڈیا سٹی کے علاوہ دنیا کے ساتھوں عجوبوں کے نمونوں کی تعمیر بھی شامل ہے ان سے 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا جبکہ سیمنٹ برکس، سریا، لوہا اور گلاس سمیت ملک کی 55 صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان منصوبوں میں سے ایک کے تحت سمندر سے توانائی حاصل کرکے بجلی پیدا کی جائے گی جبکہ سمندر کے پانی کو جدید ترین ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے قابل استعمال بنایا جائے گا ان تمام منصوبوں کے اپنے گرڈ سٹیشن ہونگے اور انکی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ معاہدے کے موقع پر چیئرمین ابوظہبی گروپ شیخ نہیان مبارک النہیان نے کہا ملک ریاض حسین کے ساتھ ملکر یہ تمام منصوبے ہماری توقعات سے بڑھ کر پایہ تکمیل کو پہنچیں گے اور مجھے یقین ہے کہ تین چار سال میں آباد بھی ہو چکے ہونگے جبکہ ملک ریاض حسین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور انکے ادارے کے انتخاب پر شیخ نہیان مبارک کا شکریہ ادا کیا۔
کراچی/عمارت
ابوظہبی گروپ کراچی میں دنیا کی بلند ترین عمارت تعمیر کریگا
Feb 16, 2013