پاکستان 110، بھارت کے پاس 80 تک ایٹمی ہتھیار ہیں: امریکی کانگریس

Feb 16, 2013


واشنگٹن (آئی این پی) امریکی کانگریس کے آزاد تحقیقاتی ونگ ”کانگریشنل ریسرچ سروس“ نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے پاس 90 سے 110 ایٹمی جنگی ہتھیار موجود ہیں جبکہ بھارت کے پاس اس وقت 60 سے 80 ایٹمی ہتھیار ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ ایٹمی تعاون کے معاہدے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے تحفظ پر بین الاقوامی اعتماد حاصل کرنے کےلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ کانگریشنل ریسرچ سروس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایٹمی موادکی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے اس حوالے سے اس نے اپنی تنصیبات میں اضافہ کیا ہے جبکہ ڈلیوری کےلئے بھی اضافی گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں چنانچہ ان اقدامات کے باعث پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معیار اور تعداد بڑھانے کے قابل ہو جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ پاکستان ایٹمی ڈاکٹرائن کو سامنے نہیں لایا لیکن قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کا مقصد بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت سے باز رکھنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے امریکہ سے ایٹمی تعاون کے معاہدے کےلئے دلچسپی ظاہرکی ہے جسے کانگریس کی منظوری کی ضرورت ہے۔
ایٹمی ہتھیار

مزیدخبریں