اسلام آباد (ثناءنیوز) گیلپ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستانی عوام کا امریکہ کی اتحادی حکومت پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے تاہم فوج پر ان کا اعتبار برقرار ہے۔ رائے عامہ کی جائزہ رپورٹ کے مطابق امریکی قیادت 92 فیصد پاکستانیوں میں غیر مقبول ہے جبکہ 55 فیصد نے خدشہ ظاہر کیا کہ مسلمانوں اور مغربی معاشرے میں زیادہ نزدیکیاں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ پاکستان کی حکومت پرعوامی اعتماد میں انتہائی تیزی سے کمی آئی ہے اور یہ بد اعتمادی مارچ اور اکتوبر 2012 میں انتہائی کم ہوتے ہوئے 23 فیصد تک رہ گئی ۔ صدر آصف زرداری کے ابتدائی دور حکومت دسمبر 2008 میں یہی شرح 54 فیصد تھی۔ فوج پر 88 فیصد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔2006 میں فوج پر اعتماد 84 فیصد تھا جو 2008 کے آخر تک کم ہوتے ہوتے 74 فیصد رہ گیا۔دو ہزار بارہ کے وسط تک اس شرح میں 4 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ گزشتہ سال کے اختتام تک یہ شرح اٹھاسی فیصد ہو گئی۔ سروے کرنے والوں کا کہنا ہے مئی میں ہونے والے عام انتخابات پاکستان امریکہ تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی ہلچل کا باعث ہو سکتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے آئندہ ایسی حکومت بھی آ سکتی ہے جو امریکی مفادات کی جانب زیادہ جارحانہ رویہ رکھتی ہو۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان میں حد سے زیادہ آپریشن کئے جانے کی وجہ سے موجودہ حکومت کی سیاسی پوزیشن کمزور پڑ چکی ہے، امریکی اور پاکستانی قیادت کی عوام میں غیر مقبولیت کا نوٹس نہ لیا جانا ممکن نہیں۔
گیلپ سروے
پاکستانی عوام کا حکومت پر اعتماد ختم فوج پر اعتبار برقرار ہے: گیلپ سروے
Feb 16, 2013