راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز نے اسلام آباد لیپرڈز کو 79 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اسلام آباد لیپرڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور لائنز کو 84 رنز کا آغاز ملا۔ ناصر جمشید نے 60، احمد شہزاد نے 42، کپتان محمد حفیظ 51، عمر اکمل 19 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ پوری ٹیم نے 4 وکٹوں پر 188 رنز کا مجموعہ بنایا۔ زوہیب احمد اور بابر اعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 2 کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔ عمر گل کو 28 رنز کے عوض کوئی وکٹ نہ ملی۔ اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیم 109 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ عمرگل 22، محمد عرفان 26 اور عماد وسیم 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ اعزاز چیمہ، محمد حفظ، عمران علی اور عدنان رسول نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ میں وہاب ریاض کو وکٹ نہ مل سکی۔ فیصل آباد وولوز نے ایبٹ آباد فالکنز کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فیصل آباد وولوز نے 4 وکٹوں پر 186 رنز بنائے۔ فرخ شہزاد نے 84 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔ جنیدخان، احمد جمال، خالد عثمان اور شکیل احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 135 رنز بنا سکی۔ یاسر حمید 23، حمادعلی 25، کپتان یونس خان 11، شکیل احمد اور یاسر شاہ نے تیرہ، تیرہ رنز بنائے۔ عدنان 30رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ سعید اجمل، احسان عادل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ فرخ شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لاہور لائنز اور فیصل آباد وولوز کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل آج کھیلا جائیگا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے شروع ہو گا۔