اسلام آباد (جاویدصدیق) سعودی عرب پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والے جے ایف 17تھنڈر طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔معتبرذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد پرنس سلمان بن عبدالعزیز اور وزیراعظم پاکستان کی پیر کے روز ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں میں دفاعی تعاون کے جو سمجھوتے متوقع ہیں ان میں جے ایف 17تھنڈر طیارے کی خریداری کا سمجھوتہ بھی ہوگا۔سعودی عرب پاکستان میں اپنے افسران کی تربیت کو وسعت دینے کا بھی خواہاں ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کے سمجھوتوں پر بات چیت گزشتہ ماہ سعودی نائب وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کے دوران مکمل ہوگئی تھی۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون ایک عرصہ سے جاری ہے۔ 80 کی دہائی میں بھی پاکستان کی بری فوج کے دستے سعودی عرب میں متعین رہے ہیں۔سعودی عرب کی مسلح افواج کے افسر پاکستان ملٹری اکیڈیمی اور رسالپور میں پاک فضائیہ کے اداروں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔