لاہور (اے این این) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی ہدایت پر سکھر کی رہائشی گیارہ سالہ افسانہ کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کرا دیا گیا ہے، بچی دل کے عارضہ میں مبتلا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال جا کر مریضہ کی عیادت اور اس کے والدین سے ملاقات کی۔ مشیر وزیراعلی پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ایک نجی چینل پر گیارہ سالہ افسانہ کی بیماری کے بارے رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے بچی کے والد حبیب اللہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے سرکاری خرچ پر علاج کی پیشکش کی تھی۔ خواجہ سلمان رفیق نے بچی کی عیادت کے موقع پر وزیراعلی پنجاب کی جانب سے غریب خاندان کے لئے 2لاکھ روپے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر لڑکی کے والد حبیب اللہ نے بتایا کہ وہ سکھر میں محنت مزدوری کرتا ہے اور بچی کے علاج کا خرچ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ حبیب اللہ نے اپنی بچی کے مفت علاج کے اعلان پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا شکریہ ادا کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنے دن افسانہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرعلاج رہے گی اس کے والدین کے لئے پی آئی سی میں رہائش اورکھانے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر بلال زکریا نے بتایا کہ بچی کے دل کا بایاں حصہ پوری طرح کام نہیں کر رہا۔