واشنگٹن (آن لائن) امریکہ نے پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، امریکہ نے تمام دنیا میں دہشت گردی سے نمٹنے کا ٹھیکہ نہیں لیا ہوا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ کو پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات او ر بڑھتے ہوئے واقعات پر اسی طرح سخت تشویش ہے، جیسا کہ پاکستانی حکومت ان دہشت گرد کارروائیوں سے پریشان ہے، امریکہ پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستان کی مسلسل مد دکر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستانی حکومت کو اپنے شہریوں کے تحفظ کا ادراک ہے، دفترخارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہی ہو رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنا صرف امریکہ کی ذمہ داری نہیں۔