سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کی مذاکراتی عمل میں شمولیت سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پرمذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطا بق ایک میڈیا انٹرویومیں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی خارجہ سیکرٹری کے مجوزہ دورہ پاکستان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی دوطرفہ مذاکرات ہوتے رہے ہیں لیکن انکا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل محض علامتی ہوتا ہے۔ سینکڑوں ملاقاتیں ،کانفرنسیں اور قراردادیں منعقد اور منظور کی گئیں لیکن ان سے زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نہیںآئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شمولیت کو تسلیم نہیں کیاجو مذاکرات کی ناکامی کی وجہ ہے۔حریت رہنما نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں مبتلا ہے اورکشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد سے مسلسل انکار کررہا ہے ۔سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مجوزہ دورہ پاکستان کو دونوں ہمسایوں کے درمیان مفاہمت کی طرف پہلا قدم قراردیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات بامعنی اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔