اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) بھارت کے خارجہ سیکرٹری جے شنکر اگلے مہینے مارچ کے پہلے نصف حصے میں اسلام آباد کا ایک روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کی اس دورہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں جے شنکر کے ساتھ بھارت کی وزارت برائے خارجہ امو رمیں ملاقات ہو چکی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی ذرائع سے دورہ کی حتمی تاریخوں کے تعین اور ایجنڈا کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ اس ذریعہ کے مطابق خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر دو طرفہ مذاکرات منسوخ کرنے کے بعد بھارت کو اپنی غلطی کی تلافی کرتے ہوئے مذاکرات کی بحالی کیلئے ازخود پاکستان سے رجوع کرنا پڑا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکمران جماعت کو اندرون ملک سے مسلسل دباﺅ اور عالمی سطح پر منفی ردعمل کے بعد پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے کوششیں شروع ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔
بھارت/ مذاکرات