اسلام آباد (اے پی پی) پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط نے کہا کہ پولٹری کی حلال فوڈ کی بین الاقوامی مارکیٹ کا سالانہ حجم 3کھرب ڈالر ہے، پاکستان میں پراسیسنگ کی سہولیات میں اضافہ سے ملکی برآمدات کو بڑھا کر عالمی مارکیٹ سے خاطر خواہ حصہ وصول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری کے شعبہ کے فروغ کیلئے پولٹری مشینری کی ٹیکس فری درآمد کی اجازت دی جائے جبکہ پولٹری کی مصنوعات کی برآمد میں اضافہ کیلئے کم شرح سود 2 فیصد پر قرضے کی فراہمی کے اقدامات بھی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری کی صنعت کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ زرعی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ پولٹری کی صنعت کیلئے زیادہ تر خام مال زرعی شعبہ سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں رہائش پذیر مسلمان حلال خوراک کے استعمال کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور اس کے علاوہ غیر مسلم آبادی میں بھی حلال خوراک کا استعمال روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس سے حلال خوراک کی طلب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں حلال خوراک کی تجارت سے خاطر خواہ استفادہ کیلئے ملک میں حلال خوراک کی صنعت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
’’پولٹری مشینری کی ٹیکس فری درآمد کی اجازت دی جائے‘‘
Feb 16, 2015