اندرون سندھ ایکشن پلان کا وجود نظر نہیں آتا‘ کالعدم تنظیموں نے پناہ گاہیں بنا لیں : سکیورٹی ادارے کی رپورٹ

Feb 16, 2016

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی سے متعلق اہم قومی ادارے نے قومی ایکشن پلان پر اندرون سندھ عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ اندرون سندھ قومی ایکشن پلان کا وجود نظر نہیں آتا۔ کراچی سمیت صوبے میں امن کی بحالی کے لئے پلان کا دائرہ کار مزید موثر طریقے سے پھیلانا ضروری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی سے متعلق قومی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں نے یہاں محفوظ پناہ گاہیں بنا لی ہیں جبکہ پلان پر عمل نہ ہونا سکیورٹی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ صوبے میں مکمل امن کیلئے اندرون سندھ پناہ گاہیں اور سلیپر سیل ختم کرنا ہوں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدر آباد جیل پر حملے کی منظم منصوبہ بندی کرلی گئی تھی انٹیلی جنس اداروں کی فوری کارروائی سے حملے کا منصوبہ ناکام ہوا۔ رپورٹ میں وفاق و صوبائی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا اندرون سندھ تک دائرہ کار موثر طریقے سے بڑھانا ضروری ہے۔
سکیورٹی رپورٹ

مزیدخبریں