واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کیلئے منظوری کا سر ٹیفیکٹ جاری کردیا۔ سرٹیفکیٹ میں کہا گیا ہے پاکستان کو 8 ایف سولہ جنگی طیاروں اور دیگر دفاعی سازو سامان کی فروخت امریکہ کے مفاد میں ہے۔ واضح رہے امریکی کانگریس میں پاکستان کو طیاروں کی فروخت کے مخالف اراکین کو مطمئن کرنے کیلئے ’’نیشنل انٹرسٹ‘‘ (قومی مفاد) سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ضرورت تھی جسے قانون سازوں کی جانب سے شاذو نادر ہی چیلنج کیا جاتا ہے۔ سرٹیفکیٹ میں کہا گیا ہے امریکہ کے جنوبی ایشیا کے سٹرٹیجک پارٹنر کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اسے طیاروں کی مجوزہ فروخت، امریکی خارجہ پالیسی کے مقاصد اور قومی سلامتی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد دیگی۔ سرٹیفکیٹ میں ہندوستان کے اس دعوے کو مسترد کیا گیا ہے کہ پاکستان کو طیاروں کی فروخت سے جنوبی ایشیا میں فوجی توازن بگڑے گا جبکہ کانگریس کی جانب سے حکومتی اقدام کو افغانستان میں امریکہ کے دفاعی مفادات کے مخالف ہونے کے اعتراضات کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔