لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو اصل خطرہ اقتدار میں بیٹھی ہوئی داعش سے ہے جس کی وجہ سے غریب کا بری طرح استحصال ہورہا ہے اور اس کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک خوشحال ملک دیکھنا چاہتی ہے، کرپشن فری پاکستان کی تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ عوام عزت کی دال روٹی، کپڑا اور چھت چاہتے ہیں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر غریب کے چہرے پر رونق دیکھنے میں نہیں آتی۔ اس کا اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹا میرٹ کے قتل عام کی وجہ سے ریڑھی لگانے پر مجبور ہے۔ لاہور میں ٹائون شپ مین مارکیٹ کے دورہ کے دوران تاجروں اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعظم سے پٹواری تک آئین میں درج اپنے لئے سہولیات کی دفعات پر تو فوری عمل کرتے ہیں لیکن عوام کے حقوق کو نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو داعش سے ڈرا رہے ہیں مگر خود عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے کیلئے تیار نہیں اور اپنی حفاظت کے لیے بڑے بڑے سکیورٹی فلیٹ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی دہشت گردی ہے یہ کہ ملک میں دوائی مہنگی اور موت سستی ہے۔ عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔ حکمران سکولوں کے معصوم بچوں کا تحفظ کرنے کی بجائے انہیں اپنی حفاظت خود کرنے کے مشورے دے ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مارچ میں کرپشن کے خلاف بہت بڑی تحریک کا آغاز کررہے ہیں ۔ہم ملک کے ہر طبقہ زندگی سے اپیل کرتے ہیں کہ کرپشن کے خلاف تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔