ڈیرہ غازی خان/ مانہ احمدانی/ کوٹ چھٹہ (بیورورپورٹ‘ خبر نگار‘ نامہ نگار) پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، ملزمان کیساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ایس ایچ او تھانہ صدر عمران نواز بروہی جاں بحق جبکہ ایک ملزم بھی مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب پولیس کو اسلحہ سمگلروں کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر عمران نواز بروہی پولیس پارٹی کے ہمراہ کوٹ چھٹہ کے نزدیک پمپ کے ساتھ ٹرک روک کر اس کی تلاشی لے رہے تھے اس دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے ایس ایچ او تھانہ صدر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں ملزمان کا ایک ساتھی محمد رضوان سکنہ پل قمبر تونسہ شریف ہلاک ہو گیا دیگر نامعلوم ساتھی اسلحہ سے بھرا ٹرک چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ اسلحہ سے بھرے ٹرک کو قبضہ میں لے لیا برآمد کئے جانے والے اسلحہ میں 44 ہینڈ گرنیڈ ، 25 مارٹر گولے ، 2آرپی سی جی گولے ، 5ہزار جی تھری ریفل کی گولیاں اور ایس ایم جی ریفل کے 900کارتوس سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے ۔ دریں اثناء شہید ایس ایچ او تھانہ صدر عمران نواز بروہی کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی بعد ازاں میت کو تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقہ تونسہ شریف روانہ کر دیا گیا ۔