اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف سے سماجی کارکن اور آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے اور بوسنیا ہرزیگونیا کے سفیر ندیم میک وک نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، شرمین عبید چنائے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا حکومت معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل کا بدنما داغ مٹانا چاہتی ہے، غیرت کے نام پر قتل کے خاتمے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں با اختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا غیرت کے نام پر قتل جیسی روایات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، غیرت کے نام پر قتل انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ حضور اکرمؐ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات سماجی اصلاحات پر مبنی ہیں، اسلام نے تاریخ کا دھارا بدلنے کیلئے کامیاب تحریک دی، اسلام نے پہلی بار خواتین کو حقوق دیئے۔ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں بااختیار بنانے میں یقین رکھتے ہیں، ہم متحرک خوشحال پاکستان کیلئے خواتین کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ قوانین میں سقم دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دے چکے ہیں، قوانین میں تبدیلی کیلئے تمام فریقین سے مشاورت کی گئی ہے، حکومت اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے۔آسکر ایوارڈ کیلئے دستاویزی فلم کی رونمائی وزیراعظم ہائوس میں کی جائے گی، شرمین عبید چنائے کی اکیڈمی ایوارڈ کے لئے نامزد فلم ’’اے گرل ان ریور‘‘ کی تقریب رونمائی22فروی کو ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے شرمین عبید چنائے کی کاوشوں کی تعریف کی اور دستاویزی فلم کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شرمین عبید چنائے نے تعلیم کے اہداف کے حصول اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کو نواز شریف جیسا وزیراعظم ملا۔ انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کا کردار قائدانہ ہے، شرمین عبید چنائے نے تعلیم کے اہداف کے حصول میں وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کے کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسی روایات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، حضور اکرمؐ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات سماجی اصلاحات پر مبنی ہیں، اسلام نے تاریخ کا دھارا بدلنے کیلئے کامیاب تحریک چلائی، اسلام نے ہی پہلی بار خواتین کو حقوق دیئے، غیرت کے نام پر قتل انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ہم انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ متحرک اور خوشحال پاکستان کیلئے خواتین کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔ بوسنیا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان بوسنیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ پاکستان اور بوسنیا کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے بہترین تعلقات کو معاشی سطح پر استوار کرنا ہو گا۔ رحیم یارخان سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف 2روزہ دورہ پر آج چولستان آرہے ہیں اس دورے کے دوران وہ چولستان میں آئے ہوئے متحدہ عرب امارات، دبئی، قطر اور سعودیہ عرب سے آئے ہوئے شاہی خاندانوںکے افراد سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ دریں اثناء نوازشریف نے پاکستانی نژاد امریکی ماہر خلائی طبیعات پروفیسر نرگس ماول والا کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پوری قوم کو نرگس ماول والا پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے سائنسدانوں کو سہولتیں دینے کیلئے ایک ہفتے میں منصوبہ بنانے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ نرگس ماول والا پاکستانی سائنسدانوں اور نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
غیرت کے نام پر قتل سنگین معاملہ ہے:وزیراعظم
Feb 16, 2016