فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جھنگ بازار پولیس کا انوکھا انصاف، 6سالہ بچی پر اس کے والدین سمیت بااثر افراد پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ والدین اپنی معصوم بچی کو لے کر ضمانت کے لئے عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے ایس ایچ اوکو آج طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ بازار کے علاقہ علی ہاؤسنگ کالونی کے رہائشی افضل نے نعیم، عبدالستار اور ارسلان وغیرہ کو سرعام منشیات فروخت کرنے سے منع کیا جس کا بدلہ لینے کے لئے ملزموں نے 8فروری کو افضل کی بیوی ثمینہ کے ساتھ چھیڑخانی بعد میں ملزموں نے گھر گھس کر میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ شخص افضل نے اسی روز تھانہ میں ملزموں نعیم، عبدالستار، ارسلان اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ کی درخواست دی تو تفتیشی آفیسر محمد وکیل اے ایس آئی ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔ ا س دوران 13فروری کو ملزموں نے تشدد کا نشانہ بننے والے میاں بیوی افضل، ثمینہ اور ان کی 6سالہ بیٹی بے بی، جاوید اور زاہد نسیم کے خلاف تھانہ جھنگ بازار میں مقدمہ درج کرا دیا۔ جس پر پولیس نے چھ سالہ بچی سمیت دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے تو متاثرہ افراد گزشتہ روز ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شوکت محمود کی عدالت میں ضمانت کے لئے پہنچ گئے۔ عدالت کے طلب کرنے پر مقدمہ کے تفتیشی آفیسر پرویز اقبال نے بتایا کہ بے بی چھ سالہ بچی نہیں ایک خاتون کا نام ہے جبکہ افضل نے بتایا کہ ان کے دور دراز کے عزیزواقارب میں بھی بے بی نام کی خاتون نہیں جس پر فاضل عدالت نے تفتیشی کی سرزنش کرتے ہوئے ایس ایچ او جھنگ بازار کو طلب کر لیا ہے۔