مسلم لیگ ن کے وکیل کی عدم حاضری پربرہمی‘ 22 فروری کو نہ آئے تو فیصلہ سنا دینگے: چیف الیکشن کمشنر

Feb 16, 2017

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق ریفرنسز کی سماعت مسلم لیگ(ن) کے وکیل کی عدم موجودگی پر 22 فروری تک ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سمیت ممبران نے حکومت کی جانب سے سماعت میں بار بار کے التوا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 22 فروری کو حکومتی وکیل اکرم شیخ کی موجودگی یا غیرموجودگی میں کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا ۔ بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین کے خلاف سپیکر کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی طلال چودھری کے وکیل نے الیکشن کمشن کو بتایا ہمارے وکیل اکرم شیخ اپنی مصروفیات کی وجہ سے آج حاضر نہیں ہو سکے ہیں لہٰذا سماعت کی تاریخ تبدیل کی جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ لوگ بار بار التوا کی درخواست کر کے کیس کو طویل بنا رہے ہو اور پھر ہمیں بدنام کیا جاتا ہے جس پر حکومتی وکیل نے کہا کہ ساری تاریخیں ہم نے نہیں لی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے دائر ہونے والے مزید دو ریفرنسز کے بارے میں دریافت کیا کہ وہ بھی اسی نوعیت کے ہیں جس پر وکیل نے کہاجی ہاں یہ ریفرنسز بھی اسی نوعیت کے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا اس کا مطلب یہ ہے سپیکر کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنسز مکمل نہیں ہیں اور اب یہ اعتراف کرتے ہیں جس پر حکومتی وکیل نے کہاہم یہ نہیں کہتے ہیں ہم نے ریفرنسز میں جن نکات کو نہیں ڈالا گیا،اس کی بنیاد پر ریفرنس دائر کئے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ اگر حکومتی وکیل اکرم شیخ حاضر نہ ہوئے تو ان کی غیر موجودگی میں 22 فروری کو کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا ۔

مزیدخبریں