گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سیشن کورٹ کے احاطہ میں خاتون اور وکیل کے کلرک میں ہاتھا پائی کے دوران بیچ بچائو کرانے والا پولیس کا شیرجوان خاتون کی جوتیوں کا نشانہ بن گیا۔ اغوا کے مقدمہ کی سماعت کیلئے آئی خاتون نصرت بی بی اور وکیل کے کلرک انصر کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دوران خاتون نے کلرک کی پٹائی کیلئے جوتی اتار لی تاہم اسسٹنٹ سب انسپکٹر قدرت اللہ نے دونوں کے درمیان بیچ بچائو کی کوشش کی تو خاتون نے شیر جوان پر ہی جوتیاں برسانا شروع کر دیں۔ بعدازاں لوگوں اور دیگر پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروا دیا۔