لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ رائیونڈ میں مزاحمت پر دکاندار کو قتل کردیا گیا، فیروزوالا میں شہری لاکھوں سے محروم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نیمزنگ میں محمد حسین کے اہل خانہ سے 5لاکھ روپے، ہربنس پو رہ میںشمس الحق سے3 لا کھ، فر ید کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ روپے، سمن آ با د میں گلز ار کی دکا ن سے ایک لا کھ 64ہزار، آ فتا ب سے ایک لاکھ روپے، حماد سے 90 ہزار روپے، عر فا ن صد یقی سے 30ہزار، عمران سے 50ہزار،تجمل حسین سے 45 ہزار، عرفان سے 41ہزار، مر زا عثما ن بیگ سے 41ہزار روپے، ان تمام سے موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ چوروں نے اصغر کے گھر سے7لاکھ روپے، زیورات و دیگر سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے عامر، آفتاب، عا مر کی کاریں جبکہ عمر، سلیمان، علی فا روق، نعیم، شاہد، بلال، قائم رضا، گلزارکی مو ٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ دریں اثناء رائے ونڈ میں ڈاکوئوں کو پکڑنے کی کوشش میں دکاندار جان گنوا بیٹھا، نامعلوم ڈاکو بغیر نمبری موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، متوفی 25سالہ نوجوان ساجد علی نواحی قصبہ حویلی ملکاں والی کا رہنے والا تھا۔ شیخ طاہر محمودکی تھوک کی دکان پر سہ پہر کے وقت تین نامعلوم افراد گاہک بن کر آئے اور گھی چینی وغیرہ کا آرڈر دیتے رہے، دکان میں رش کم ہوتے ہی انہوں نے سب کو ہینڈز اپ کردیا، دکاندار طاہر کے بیٹے عقیل سے سیل کی تمام ہزاروں روپے کی رقم جبکہ ایک گاہک سے نقدی 15ہزار اور قیمتی موبائیل لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ دکان کے ملازم ساجد علی نے ان پر چھلانگ لگا کرقابو کرنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوئوں نے اس پر فائر کھول دیا، متوفی کو پیٹ پر چار فائر لگے اور وہ شدید زخمی ہوکر گرگیا جبکہ ڈاکو لوٹا ہوا مال لیکر فرار ہوگئے، شدید زخمی ساجد کو لاہور جناح ہسپتال بھجوایا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ڈی ایس پی نے پولیس ٹیموں کو ملزموں کے تعاقب میں روانہ کردیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع پاکر صدر انجمن تاجران، چیئرمین یوسی رائے ونڈ میاں مبشر حسین اور جنرل سیکرٹری بابر علی مونگا اپنے دیگر تاجر ساتھیوں سمیت موقع پر پہنچے، تاجروں نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور اسے پولیس کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ڈاکوئوں نے کار سوار نوید احمد اسکی فیملی کو روک کر لوٹ لیا۔ ڈاکو نقدی اور زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔ اعجاز احمد کی کار سے دس لاکھ روپے کی رقم چوری ہوگئی۔ سردار ارشد کا 44 ہزار روپے مالیت کا لائسنسی پسٹل چوری ہوگیا۔ نامعلوم افراد نے کار، دو موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔