ٹریفک حادثات :13 افراد جاں بحق، کوٹ لکھپت میں چچا، بھتیجی کو ٹرین نے کچل دیا

Feb 16, 2017

لاہور، رائیونڈ، ساہیوال، فیصل آباد، خانیوال (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نمائندگان+ اے پی پی) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 3 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ تھانہ کو ٹ لکھپت کے علا قہ میں موسی پاک ٹر ین کی ٹکرسے چچا بھتیجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔لیہ کا عبدالرازاق اپنے بھائی کیساتھ پھل کی ریڑھی لگاتا تھا۔ گذشتہ روز عبدالرازاق گھر گیا اور واپس آنے لگا تو اسکی2سالہ بھتیجی ماہ نور نے ساتھ جانے کی ضد کی تو ماہ نور کو اسکے والد سے ملانے لے گیا۔ عبدالرازاق ریلوے لائن عبور کر رہا تھا کہ موسیٰ پاک ٹرین نے ٹکر مار دی جس سے عبدالرازاق اور اسکی 2سالہ بھتیجی ماہ نور موقع پر دم توڑ گئی۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر متوفی افراد کے اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی اوراہل خانہ اور رشتہ داردھاڑیں مار کر روتے رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے کسی کارروائی سے انکار کیا جس پر نعشیں انکے حوالے کر دی ہیں جو تدفین کیلئے آبائی علاقہ لیہ لے گئے ۔ دریں اثنا رائیونڈ میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے آٹھویں جماعت کا پیپر د ینے جانے والے دو طالب علموں کو کچل ڈالاجبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور نے سپیکر پر اونچی آواز میں گانے لگا رکھے تھے اور بڑی لاپرواہی سے ڈرائیونگ کررہا تھا۔شدید زخمی طالب علموں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیجایا گیا جہاں دو بچے جنید اور امجد دم توڑ گئے جبکہ نعیم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ طالب علموں کا تعلق قریبی گائوں آرائیاں اور اڈا پلاٹ سے تھا۔ تینوں موٹر سائیکل پر سوار مثالی پبلک سکول امتحانی سنٹر میں آٹھویں جماعت کا پیپر دینے آرہے تھے۔ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ایک مزدور کو طلبہ نے پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔ اس موقع پر کالج اور سکول کے سینکڑوں طالب علموں نے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کردی اور مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ پولیس تھانہ سٹی نے مقدمہ درج کرکے موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی قبضہ میں لے لی ہے۔ساہیوال میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران تین افراد ہلاک اور 14شدید زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں 2پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔ بونگہ حیات رڈ پر چک 73/5.Lکے قریب دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں ایک دکاندار ساجد جاں بحق اور طالب علم حمزہ شدید زخمی ہو گیا۔ دوسرا حادثہ ساہیوال پاکپتن روڈ پر چک 111/9.Lکے قریب ہوا جہاں موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں 16سالہ طالب علم محمد عباس جاں بحق جبکہ تانیہ، ماشاء اللہ،نور الٰہی ، شفاقت، راشد شدید زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف جی ٹی روڈ پر چک 52/5.Lکے قریب تیز رفتار کار سڑک کنارے بیٹھے ایک خاندان پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص محمد آصف جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء ساہیوال عارفوالہ روڈ پر چک 126/9.Lکے قریب دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں دو پولیس کانسٹیبل عدیل اور محمد نواز جبکہ دیگر تین افراد سوات خاں،رائو کھنہ،خان پٹھان بھی شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں ایک کیری ڈبہ اور ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر میں مو بائل کمپنی کے تین ملازم نثار، شفیق اور اورارشد شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد میں شیخوپورہ روڈ پر تیز رفتار بس کی ٹکر سے ریڑھی بان جاں بحق ہو گیا۔ ورثا نے نعش سڑک پر رکھ کر دو گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ خانیوال میں ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مزیدخبریں