بھارت نے 104 سیٹلائٹس خلا میں بھیج کر ریکارڈ قائم کر دیا

Feb 16, 2017

نئی دہلی (بی بی سی+ آئی این پی) بھارتی خلائی ادارے اسرو نے 104 سیٹلائٹس کو خلا میں بھیج کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس سے قبل ایک خلائی مہم کے دوران ایک ساتھ اتنے سیٹلائٹس نہیں بھیجے گئے ہیں۔ ’’اسرو‘‘ نے گذشتہ سال ایک وقت میں 20 مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے تھے۔ اب تک کسی ایک خلائی مشن میں سب سے زیادہ سیٹلائٹس بھیجنے کا عالمی ریکارڈ روس کے نام تھا، جس نے 2014ء میں ایک وقت میں 37 مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے تھے۔ اس مہم میں بھیجے جانے والے 104 مصنوعی سیٹلائٹس میں سے 3 بھارت کے ہیں جب کہ باقی 101 سیٹلائٹس اسرائیل، قازقستان، ہالینڈ، سوئٹزر لینڈ اور امریکہ کے ہیں۔ ’’اسرو‘‘ کے چیئرمین ایس ایس کرن کمار نے میڈیا کو بتایا: 'ان میں سے ایک مصنوعی سیارے کا وزن 730 کلوگرام ہے ان کے علاوہ ہمارے پاس 600 کلوگرام مزید وزن خلا میں بھیجنے کی صلاحیت تھی، اس لیے ہم نے 101 دوسرے سیٹلائٹس کو بھی لانچ کرنے کا فیصلہ کیا۔' تاہم اندازہ ہے کہ اسرو کو غیر ملکی مصنوعی سیاروں سے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدن ہوئی ہے۔ سینیئر صحافی پلّو باگلا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا 'یہ محض ریکارڈ بنانے کے لیے نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ اس میں انڈین خلائی مشن کے ساتھ اسرو کا کمرشل پہلو بھی ہے۔

مزیدخبریں