سی ای اولاہور قلندر عاطف راناکی میجر جنرل آصف غفور اور عمران خان سے ملاقاتیں

Feb 16, 2018

لاہور( نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ کھیل کے فروغ اور نوجوانوں کو بغیر سفارش کے صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہی ہماری کامیابی کا راز ہے۔ پلئیرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی ہر سطح پر تعریف سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور 1992 عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان سے ہونیوالی ملاقات بہت اچھی رہی انہوں نے ہمارے اقدامات کو سراہا ایک لیجنڈ کرکٹر کی طرف سے ملنے والی حوصلہ افزائی نے جوش و جذبے کو بڑھایا ہے ہم آئندہ زیادہ بہتر طریقے سے کام کرتے ہوئے ملک کے طول و عرض میں پھیلے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کو اہم قرار دیا انہوں نے لاہور قلندرز کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔لاہور قلندرز کی طرف سے کشمیر میں ہونیوالے کرکٹ میچز پر بھی انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ہم ایک جذبے کے تحت میدان میں ہیں اور پاکستانیوں کا یہ جذبہ پوری دنیا میں ہمارا خوش کن تاثر پیش کرے گا اور ہر باصلاحیت کرکٹر کو سامنے لانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں