لاہور+ قصور (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت)چودھری شجاعت حسین رانا محمد حیات ایم این اے کے والد اور سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان کے چچا رانا محمد نثار کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پھول نگر گئے۔ ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی بھی ان کے ساتھ تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عام انتخابات کب ہوں گے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، عینک لگا کر دیکھنا ہو گا۔ نوازشریف کا احتساب ایک ریٹائرڈ جج کر رہا ہے جبکہ ہمارا احتساب تو جرنیلوں نے کیا۔ اگر عدالتوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تو پھر عملدرآمد ضرور ہونا چاہئے، ہمارا نام بھی ای سی ایل میں رہا ہے، نگران حکومت کیلئے ابھی تک کوئی مشاورتی عمل شروع نہیں ہوا اور نہ ہی نگران حکومت کیلئے کوئی نام سامنے آیا ہے۔ نوازشریف آئندہ الیکشن میں ہوں گے یا نہیں اس کا انحصار عدالتی فیصلے پر ہے، نوازشریف کو عدالتوں کے وقار کا خیال رکھنا چاہئے۔ بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کا تعلق ہماری پارٹی سے ہے، تمام سیاسی پارٹیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ دیا اس لیے وہاں سینیٹ کیلئے سب آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ آئندہ وزیراعظم وہی ہو گا جسے اللہ تعالیٰ عزت اور کامیابی دے، شہبازشریف نوازشریف کے بغیر زیرو ہیں ان کا سیاست میں نوازشریف کے بغیر کوئی رول نہیں۔
عینک لگا کر دیکھنا ہوگا الیکشن کب ہونگے‘ نواز کے بغیر شہباز زیرو ہیں: شجاعت
Feb 16, 2018