امریکی حکم پر جماعة الدعوة‘ فلاح انسانیت کیخلاف پابندی کی مذمت کرتے ہیں: سراج الحق

Feb 16, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے حکومت پاکستان کو جماعة الدعوة کے بارے میں براہ راست احکامات دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان، پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے علی الرغم امریکی احکامات پر عمل کر رہی ہے۔ عدلیہ جماعة الدعوةکے امیر حافظ محمد سعید کے خلاف بلاجواز بنائے گئے مقدمات کی سماعت کے بعد انہیں رہا کر چکی ہے لیکن بزدل حکمران بھارت اور امریکہ کی خواہش پر جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کے بزدلانہ رویہ سے ملک کی آزادی اور خود مختاری کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ حکومت طے کرے کہ امریکی احکامات پر عمل کرنا ہے یا قومی خود مختاری کو قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی اقدامات ہمارے ملکی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن تعلیم اور صحت کے میدان میں ناقابل فراموش خدمات انجام دے رہی ہے محض امریکہ اور بھارت کی خوشنودی کے لیے خدمت خلق کے ملک بھر میں پھیلے ہوئے وسیع نیٹ ورک کو بند کردینا کہاں کی عقلمندی ہے۔ ہمارے حکمران ملکی سلامتی اور قومی خود مختاری کو داﺅ پر لگا رہے ہیں۔
سراج الحق

مزیدخبریں