نیازی صاحب قوم پر رحم کریں، گھر چلے جائیں الیکشن میں زرداریوں، جھوٹے کھلاڑی کو شکست ہو گی: شہبازشریف

Feb 16, 2018

لاہور+بورے والا (خصوصی رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بورے والا ، ضلع وہاڑی کا دورہ کیا اور علاقے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونیوالے منصوبوں کا افتتاح کیا اور مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلیٰ نے 300 بیڈز پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی کی اپ گریڈیشن اور نئے ایمرجنسی بلاک سپورٹس سٹیڈیم وہاڑی میں9 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت سے قائم ہونے والی ای۔لائبریری،گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر عظیم آباد، بورے والا، 7 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے ریسکیو 1122،5کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اراضی ریکارڈ، وہاڑی میں موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ میلسی اور ملحقہ آبادیوں کے لئے واٹر سپلائی اور سیوریج سکیموں کی بحالی اور توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،اس منصوبے پر 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وہاڑی میںنیو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، شرقی کالونی کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیراعلیٰ نے بورے والا میں شہبازشریف رنگ روڈ، وہاڑی میں جامع واٹر سپلائی اور سیوریج سکیم کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھاجس پر30 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے 9سالوں میں ضلع وہاڑی میں تقریباً 30ارب روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گگوشہر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں ہم الیکشن کمشن کے قواعد وضوابط کے مطابق عمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے دریائے ستلج پر نئے پل کی تعمیرکے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں زرعی یونیورسٹی کے کیمپس کو مکمل زرعی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا جبکہ انہوں نے وہاڑی میں میڈیکل کالج بھی بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اڈارسول پور سے متیلہ چوک تک 120کلو میٹر دورویہ سڑک اور حاصل پور سے لڈن تک سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی کے کیمپس کے شعبوں کے لئے عمارت کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔جلسے کے دوران تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار اور پنجاب کے نائب صدر ریاست علی بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کااعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے بورے والا ،میلسی اور وہاڑی کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا ا علان کرتے ہوئے کہاکہ اگر اللہ تعالی نے ہمیں 2018ء کے انتخابات میں کامیاب کیا اور عوام کی خدمت کا موقع ملا تو ان منصوبوں پر فی الفور کام شروع کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔عوام کا یہ ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہاہے کہ اگلے الیکشن میں مداریوں ، زرداریوں اور جھوٹے کھلاڑی جو کہ جھوٹوں کا آئی جی ہے کو شکست فاش ہو گی۔ ساڑھے 4سال قبل مسلم لیگ( ن) کی حکومت اور میرے قائد محمد نوازشریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ پانچ سال میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔ہماری دن رات کی محنت اور مخلصانہ کاوشوں کی بدولت ساڑھے 4 سال بعد ہی ملک سے بجلی کے اندھیرے دور ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے ملکر ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں۔آنے والی گرمیوں میں آپ کے کمرے ٹھنڈے ہوںگے وہاں پنکھے چل رہے ہوں گے۔مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیاں پورے زور وشور سے جاری ہو ںگی۔کھیتوں ، کھلیانوں ، میں لہلہاتی فصلیں ہوںگی -سکول، کالج، ہسپتال اور دفاتر روشن ہوں گے۔بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے ملک سے غائب ہوچکی ہوگی۔جھوٹے خان صاحب جو جھوٹوں کے آئی جی ہیںنے 2013ء کے الیکشن میں کہاکہ ہم کے پی کے میں بجلی پیدا کریں گے او ریہ بجلی پاکستان کو بھی دیں گے۔ ساڑھے 4سال بعد کہتے ہیں کہ ہم نے 74میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے ، خان صاحب خدارا !عوام کو بتائیں کہ آپ کی پیدا کردہ بجلی کہاں ہے۔کیا یہ بجلی آسمانوں میں ہے ،زمین میں ہے یا پہاڑوں میں ہے؟میرا نیازی صاحب کو مشورہ ہے کہ جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں لیکن خدا کے واسطے اس قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیںکیونکہ سیاست آپ کے بس کی بات نہیں۔ جھوٹے خان صاحب نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم میٹروبس نہیں بنائیں گے۔وفاقی حکومت سے جو پیسے ملیں گے اس سے ہم سکول، کالج اور ہسپتال بنائیں گے۔پشاور میں ڈینگی آیا تو ان کے پاس علاج کا انتظام نہ تھا اورموصوف خود ڈرکر پہاڑوں پر چڑھ گئے۔جب 2011ء میں ڈینگی لاہور میں حملہ آور ہوا تو ہم نے سر جھکا کر اللہ تعالی کی مدد سے ڈینگی کا مقابلہ کیااور اسکا یہاں سے خاتمہ کیا۔پشاور میں ڈینگی آیا تو ہم نے پنجاب سے ماہرین ، ڈاکٹروں او رپیرامیڈیکل سٹاف کے علاوہ موبائل ہسپتال اور ادویات بھی بھجوائیںجبکہ خان صاحب اس دوران کہیں نظر نہ آئے بلکہ وہ نتھیا گلی چلے گئے۔ ساڑھے 4سال گزرنے کے بعد پشاور میں میٹروبس کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے او راس منصوبے کے نام پر پشاور شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ا للہ تعالی نے ہمیں موقع دیا تو ہم ہی اس منصوبے کو مکمل کریں گے۔دوسری طرف زرداری صاحب ہے جو کہتے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لاؤں گا۔میرا انہیں یہی مشورہ ہے کہ وہ یتیموں،بیواؤں،بے سہاراافراد اورغریب قوم کی جو دولت انہوںنے لوٹ کر باہر بھجوائی ہے ۔اسے خود واپس لے آئیں ورنہ 2018ء کے الیکشن میں اگر ہمیں خدمت کا موقع ملا تو دنیا کے آخری کونے میںپڑی اس غریب قوم کی کمائی لاکرعوام کے قدموں پر نچھاور کردیںگے۔روشنیوں کے شہر کراچی کابیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔ہر طرف کوڑا،گندگی کے ڈھیر اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں عوام کیلئے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ خان صاحب اورزرداری صاحب اپنے صوبوں میںکچھ نہیں کرسکے ہیں اس لئے اب وہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہیں، اسی لئے وہ پنجاب اورلاہور میں آکر ہڑتالوں کی بات کرتے ہیں۔ خان صاحب نے پہلا دھرنا2014ء میں اسلام آباد میں دیا۔چین کے صدر نے ستمبر2014ء میں معاہدوں پر دستخطوں کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن خان صاحب کی ضد اورہٹ دھرمی کے باعث چین کے صدر کا یہ دورہ موخر ہوا۔خان صاحب کا یہ رویہ پاکستان کے عوام اور ملک کے ساتھ دشمنی کے مترادف تھا۔جو معاہدے 7ماہ پہلے ہونے تھے وہ اس دھرنے کی وجہ سے اپریل 2015ء میں ہوئے۔اگر یہ معاہدے 7ماہ پہلے مکمل ہوجاتے تو منصوبے پہلے مکمل ہونے سے پاکستان ترقی کے لحاظ سے کئی آگے بڑھ چکا ہوتا۔ہم نے محنت سے تاخیر کا ازالہ کیا ہے اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ۔زرداری اورخان صاحب نے غریب عوام کے خوابوں کو چکناچورکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یہ چاہتے تھے کہ قائدؒ اوراقبالؒ کاخواب پورانہ ہو۔زرداری اور نیازی صاحب نے ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا کر غریب عوام کے خوابوں اور ارمانوں کا خون کیا، عوام اب ان کا محاسبہ کریںگے۔میں خیبر پی کے کے غیور عوام، مہران کی وادیوں میں بسنے والوں اوربلوچستان کے عظیم بلوچوں سے کہتا ہوں کہ اگراللہ تعالیٰ نے 2018ء کے انتخابات میں ہمیں کامیابی دی تو مسلم لیگ(ن) کراچی،پشاور اورکوئٹہ کوترقی کے لحا ظ سے لاہوربنا دیں گے۔میرا وہاڑی کے عوام سے وعدہ ہے کہ زرعی یونیورسٹی کے جو چند شعبے اب چل رہے ہیں اسے مکمل یونیورسٹی بنائیںگے اوروہاڑی میں میڈیکل کالج بھی بنائیں گے۔ موجودہ حکومت کی مدت 8جون کو پوری ہورہی ہے میں کاشتکاروں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ وہ گندم کے رواں سیزن کے دوران جتنی گندم فروخت کرنا چاہیں گے پنجاب حکومت خرید ے گی جس طرح ماضی میں خریدتی رہی ہے۔میں گندم خریداری مراکز پر خود جاؤں گا اور کاشتکاروں کو ان مراکز پر دی گئی سہولتوں کا جائزہ لیتا رہوں گا۔وزیراعلیٰ نے لودھراں میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی شاندار کامیابی کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس حلقے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو بڑی عزت دی ہے ۔اس حلقے میں پیسہ اور ہیلی کاپٹر ہار گیا ،مخالفین نے اپنے پیسے کے زور پر ووٹروں کو خریدنے کی کوشش کی لیکن اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا اوراس نے اس علاقے میں فرشتہ صفت اور درویش انسان اقبال شاہ کو چن لیااوراسے شاندار فتح جبکہ علی ترین کو بدترین شکست دی۔ترین صاحب آپ نے پیسہ خرچ کیا وہ کہاں گیا؟میرے اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا،اسی لئے حلقے میں عوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔وہاڑی اوربورے والا میں بھی سپیڈوبس سروس چلائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کی چیانگ اور چینی عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ، پاکستان اور پنجاب کے مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز، ٹیکنیشنز اور ورکرز کو بھی نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے تہوار پر ہزاروں چینی انجینئرز ، ٹیکنیشنزاورورکرز اپنے خاندانوں سے دور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں