کراچی(آئی این پی ) احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت12 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ جمعرات کو کراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت کیس میں نامزد بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شرجیل میمن سمیت دیگر ملزما ن پر فرد جرم عائد کردی۔جج نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی جبکہ ملزموں نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ہے۔شرجیل میمن کے ساتھ فرد جرم عائد ہونے والے ملزمان میں یوسف کابرو ،گلزار علی ،الطاف حسین میمن ، ذوالفقار علی شلوانی، سلمان منصور ،منصور ہاشمی ،منصور احمد راجپوت اور دیگر شامل ہیں۔ دریں اثناء شرجیل میمن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے اپیل کروں گا کہ نیب کا دوہرا معیار کیوں ہے اس پر ازخود نوٹس لیں،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا شریف خاندان پاکستان میں ہونے کے باوجود قانون سے بالاتر کیوں ہے۔ چوہدری نثار بتائیں ان کی قیادت کانام ای سی ایل میں ڈالا جائے یا نہیں۔ ایم کیو ایم سے نظریاتی اختلاف ضرور ہیں مگر خواہش ہے کہ ایم کیو ایم دھڑو ں کو آپس میں اتحادکر لینا چاہیے۔کراچی کے شہری پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ بھی دے تب بھی پیپلزپارٹی کراچی شہر کی خدمت کرے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ رائو انوار کے معاملے پر کورٹ اپنا کام کر رہی ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ را انوار کو مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔