ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبہ میں اعتماد پیدا ہوتا ہے: پروفیسر سعید قریشی

کراچی (ہیلتھ رپورٹر)ڈؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبا میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔خاص طور پر فنِ تقریر میں مہارت طبی تعلیم کے طلبا کی ابلاغی صلاحیت کو جلا بخشتی ہے تا کہ وہ عملی زندگی میں بیماریوں اور علاج کے حوالے سے بہتر ابلاغ کر سکیں۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وفد میں طلحہ احمد، شہیرہ اقبال، اریبہ احمد، دعا مدثر اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے شہیرہ اور اریبہ احمد کو رواں مہینے کے پہلے ہفتے کے دوران لاہور میں منعقد ہونے والے شاہ جیونہ انٹرنیشنل ڈیبیٹنگ کمپیٹیشن کی نو وائس کیٹیگری میں پہلا انعام جیتنے پر مبارک با د پیش کی۔ کمپیٹیشن میں ملک اور بیرونِ ملک کی 72ٹیموں نے شرکت کی۔جبکہ اوپن کیٹیگری میں بہترین مقابلے کے بعد تیسرے نمبر پر آنے والی ڈاؤ یونیورسٹی کی ٹیم کے اراکین طلحہ احمد اور معراج العارفین کی بھی حوصلہ افزائی کی۔پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ اس قسم کے بین الاقوامی مقابلوں میں یونیورسٹی کی نمائندگی کرنا قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے طلبا کو ہدایت کی کہ ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے پروگرام میں توسیع کرتے ہوئے لٹریری اینڈ ڈیبیٹنگ سوسائٹی تشکیل دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن