لاہور(ندیم بسرا/احسن صدیق) پاکستان کے ماہرین اقتصادیات، تاجر برادری نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو معیشت کی بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے جس سے ملک سے غربت کے خاتمے میں مدد ملنے کے ساتھ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کے سابق وزیرخزانہ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کا دورہ بہت اہمیت کا حامل ہوگا جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔سعودی عرب کا سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری کرنا خطے میں پائیدار امن کا ضامن ثابت ہوگا اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت پر زبردست مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور روزگار کے بے پناہ مواقع میسر آئیں گے۔ سابق سیکرٹری خزانہ اور ماہر اقتصادیات ڈاکٹر وقار مسعود نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکے پاکستان کے دورے کے پاکستان کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے، انکے دورے سے ملک کی معیشت کے لئے ایک نیا باب رقم ہونے والا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلاملک بینکنگ اینڈ فنانس کے چئیرمین ڈاکٹرشاہد حسن صدیقی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست برادر ملک ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے۔ چین کی جانب سے سی پیک منصوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے بعد سعودی عرب کی جانب سے بھی سی پیک اور دیگر منصوبوں میں بڑے پیمانے پر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے دنیا کو پاکستان کے بارے میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک اور پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین شہزاد علی ملک نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کو پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، خاص طور پر اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور موجودہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے سے سعودی عرب کو برآمدات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے مابین نئے معاہدوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش کیلئے اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔ وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت کے ریجنل چیرمین اور نائب صدر روف مختار نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست برادر ملک ہے جس نے ہر موقع پر آگے بڑھ کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کے ولی عہد محمد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتی ہے۔پاکستان کی معیشت میں پائیدار استحکام آئے گا بیرونی دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔سعودی سرمایہ کاری سے ملک میں روز گار کے نئے مواقع میسر آئیں گے ۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں ہر مشکل میں سعودی عرب نے پاکستان کی آگے بڑھ کر مدد کی ہے۔ ہم پاکستان میں سعودی عرب کے ولی عہدمحمد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے سعودی ولی عہدمحمد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو معیشت کی بحالی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات میں اضافہ اہمیت کا حامل ہے۔
ماہرین
شہزادہ محمد کا دورہ خوش آئند معاشی بہتری کیلئے سنگل میل ہو گا تاجر رہنما
Feb 16, 2019