شائقین بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں : وسیم اکرم

لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستانی شائقین سے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کو کامیاب بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں۔پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے صدر کی خدمات انجام دینے والے وسیم اکرم نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی شائقین سے درخواست کی کہ وہ لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے بڑی تعداد میں میچز دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں آئیں۔یہ ہماری اور ہر پاکستانی کی لیگ ہے، پاکستان نے یہ لیگ اپنے شائقین کے لیے بنائی ہے، لیگ میں شامل تمام چھ ٹیموں کے مالکان پاکستانی ہیں۔سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ آپ چاہے میچز دیکھنے کے لیے دبئی، شارجہ یا ابوظہبی کے سٹیڈیم آئیں یا پاکستان آئیں، چاہے ٹیلی ویژن پر میچ دیکھیں، بس اس لیگ سے لطف اندوز ہوں۔ اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد میں شدید محنت صرف ہوتی ہے لہٰذا ایک معمولی ملازم سے لے کر پی سی بی چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے تمام ذمے داران تک ہر فرد تعریف کا مستحق ہے لیکن اس کو کامیاب بنانے میں صرف شائقین ہی کردار ادا کر سکتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ لوگ پاکستان میں ہونے والے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے اور جلد وہ دن آئے گا جب پوری لیگ پاکستان میں منعقد ہو گی۔وسیم اکرم نے کھلاڑیوں سے بہتر فیلڈنگ کارکردگی دکھانے کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ بہتر فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہیں تو میچز جیتنے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ ٹیم کا ماحول اچھا ہے اور ہم پر کسی بھی قسم کا دباؤ نہیں۔

ای پیپر دی نیشن