گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے مگر بھارت کبھی ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھے اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم متحد ہوکر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا ‘پاکستان بھارت کی الزام تر شیوں اور دھمکیوں سے مر عوب ہونیوالا نہیں ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے دوبئی کے دورے سے واپسی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ بھارت ایک قدم آئے ہم دوقدم آگے بڑ ھیں گے کیونکہ پاکستان ہمیشہ سے امن اور بہتر ین تعلقات کی بات کر تا ہے مگر بھارت نے کبھی ہماری مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جسکے خلاف پاکستان نے ہمیشہ پوری دنیا میں آواز بلند کی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ضروری ہے کشمیری عوام کی جدو جہد اس بات کی گواہ ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود پر امن طر یقے سے اپنی تحر یک آزادی جاری رکھی ہے اور آج بھی کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت کا یہ بہت پرانا دستور ہے کہ جب بھی انکے ہاں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو بھارت بغیر کسی ثبوت اور انکوائری کے اس کا الزام چند منٹوں بعد ہی پاکستان پر لگادیتا ہے بھارتی حکومت خود تسلیم کر رہی ہے کہ بھارتی فوجیوں پر حملہ کر نیوالے شخص اور اس میں استعمال ہونیوالی گاڑی بھی بھارتی ہے لیکن اسکے باوجود بھارت اپنے گر یبان میں جھانکنے کی بجائے پاکستان پر الزام تر شیوں پر اتر آیا ہے اور دھمکیاں دے رہا ہے لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کا دفاع کر نے کیلئے ہر پاکستانی حکومت اور افواج پاکستان کیساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا.