لاہور‘ کوئٹہ‘ پشاور‘ فیصل آباد (این این آئی‘ آن لائن‘ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے ضلع لکی مروت میں پولیو کے 4 نئے کیسز رپورٹ‘ صوبہ میں ڈیڑھ ماہ کے دوران کیسز کی تعداد10ہو گئی‘ جبکہ بلوچستان پشین کے بھی ایک نیا کیس سامنے آگیا، دوسری جانب پولیو کے موذی مرض کے خلاف پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کل ( پیر) سے شروع ہو گی ۔ تین روزہ انسداد پولیو مہم میں ایک کروڑ 94 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ئوکی ویکسین پلائی جائے گی جس کے لئے 94 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پولیو مہم کی کامیابی کے لیے گھرگھر اور اہم مقامات پر حفاظتی ویکسین بچوں کو پلائی جائیگی۔ دریں اثناء خیبر پی کے میں بھی چار نئے پولیس کیسز سامنے آگئے ایمرجنسی آپریشن سنٹر پشاور کے مطابق پولیس کیسز ضلع لکی مروت سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ تحصیل بٹنی کے 22 ماہ اور 18ماہ کے بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تحصیل سرائے نورنگ میں 17 ماہ کا بچہ اور تحصیل لکی مروت میں 11ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد دس ہو گئی۔بلوچستان سے پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت نے پشین کے 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی، بچے کے سیمپلز31 جنوری کو حاصل کئے گئے تھے جس کے بعد رواں برس بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 2 ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بچے کا تعلق پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری گھرانے سے ہے۔ دوسری طرف صوبے کے 33 اضلاع میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہورہی ہے ۔ مزید براں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے کل 17فروری 2020 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے موقع پر امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل کے چلانے اور ڈبل سواری پر دفعہ 144 سی آر۔پی۔سی کے تحت 5 دن کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت فیصل آباد کے زیراہتمام آئندہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے جو کل سے 21 فروری تک جاری رہے گی۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین،ڈویژنل کمشنر چوہدری عشرت علی اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں فیتہ کاٹا اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔